منگلورو/اُڈپی :10/مارچ (ایس او نیوز) ریاست کے مستحق اور اہل درخواست گزاروں کے درمیان ریاستی حکومت بہت جلد کرناٹکا اسٹیٹ لینڈریونیو ایکٹ کے 94سی اور 94سی سی قانون کے تحت ان کی زمینات کے قانونی دستاویزات تقسیم کرے گی۔ اس بات کی جانکاری ریاست کے وزیر محصولات کاگوڈ تمپا نے دی۔
منگلورو اور اُڈپی کے ڈی سی دفاتر میں منعقد ہ الگ الگ ضلعی جائزہ میٹنگ میں خطاب کرتےہوئے وزیر موصوف نےکہاکہ محکمہ محصولات میں گذشتہ 25سالوں سے باقی زرعی زمینات کی اکرم سکرم کی عرضیوں کو بہت جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب نافذ کئے جانے والے حکومت کے اعلامیہ سے غریب لوگوں اور عوام کو کافی راحت ملے گی۔ خصوصی زمینی حق کے تحت ریاستی حکومت زمینات کی نشاندہی کرے گی اوراس زمین کو غریب اوربے گھر لوگوں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے ضلع کے تمام تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ موصولہ سرکلر کے مطابق ہی کام کریں ، فاریسٹ لینڈ ایکٹ کے تحت سونپی گئیں درخواستوں کو فاریسٹ کمیٹی منظور کرے۔ اگر کسی اہل مستحق نےدرخواست نہیں دی ہے تو اس سے درخواست لینے کی تاکید کی۔ انہوں نے ڈی سی سے متعلقہ سرکلر کے مطابق عملی منصوبہ کو تشکیل دینے اور ضلع کے ضروری کاموں کو فوری انجام دینے کو کہا۔ انہوں نےضلعی افسران سےکہاکہ شیموگہ ضلع کے فاریسٹ حق کمیٹی کے نمونہ کو سامنے رکھ کر زمین کے مسائل کو حل کریں۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے گرام پنچایت ، پنشن، سماجی تحفظ اسکیم ، لڑکے اور لڑکیوں کے ہاسٹل وغیرہ موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اُڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر پریانکا میری فرانسس نے بتایا کہ متعلقہ حکم نامہ کا سرکلر موصول ہواہے، کابینہ کی معاون کمیٹی فاریسٹ اور محکمہ تحصیل کی زمینات کو لےکر 15دنوں کے اندر اپنا فیصلہ لے گی ۔ بہت جلد متعلقہ فیصلہ کولے کر حکم نامہ ضلعی انتظامیہ کو ارسال ہوگا جس کے تحت تمام افسران فوری نفاذ کے لئے کمربستہ ہوں گے۔ اس موقع پر ضلع نگراں کار وزیر پرمود مدھواراج ، رکن اسمبلی ونئے کمار سورکے ، ہالاڑی شرینواس شٹی، گوپال پجاری نے اکرم سکرم کےمسائل کو پیش کیا۔ ایڈیشنل ڈی سی انورادھا، اے سی شلپا ناگ ، اکرم سکرم کمیٹی کے صدر اشوک کمار شٹی و دیگر افسران وغیرہ موجود تھے۔ اُدھر منگلورو میں منعقدہ میٹنگ میں ڈی سی ڈاکٹر کے جی جگدیش ، سابق وزیر ابھئے چندرجین سمیت دیگر آفسران موجود تھے۔